اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )ایشیا کپ سے قبل شاہین شاہ آفریدی کے ان فٹ ہونے کے باعث پاکستان کو دھچکا لگا تھا، پھر ٹورنامنٹ شروع ہونے سے ایک روز قبل محمد وسیم جونیئر بھی ان فٹ ہوگئے، بعد ازاں شاہنواز دھانی، شاداب خان اور محمد رضوان بھی ان فٹ ہوگئے اور اب خبریں ہیں کہ فخر زمان بھی ان فٹ ہو گئے ہیں۔
قومی ٹیم میں اتنے زیادہ کھلاڑیوں کے ان فٹ ہونے سے نہ صرف ٹیم کی کارکردگی متاثر ہو رہی ہے بلکہ دیگر مسائل بھی پیدا ہو رہے ہیں۔
ذرائع کے مطابق قومی ٹیم کی مشکلات کی بڑی وجہ پی سی بی کے چیف میڈیکل آفیسر ڈاکٹر نجیب سومرو اور ٹیم کے فزیو کلف ڈیکن کا ایک پیج پر نہ ہونا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ شاہین آفریدی کو انگلینڈ بھیجنے کا منصوبہ ڈاکٹر نجیب نے خود بنایا جب کہ سینئر کھلاڑی کے ساتھ فزیو کلف ڈیکن بھی موجود ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر نجیب سومرو اپنے طور پر فیصلے لیتے ہیں، ٹیم کا سپورٹ اسٹاف ایک پیج پر نہ ہونا مسائل میں اضافہ کر رہا ہے۔