اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز)احتساب عدالتوں نے نیب قوانین میں ترامیم کے بعد حکمران اتحاد کے کئی ہائی پروفائل سیاستدانوں کے خلاف قومی احتساب بیورو کے 50 ریفرنسز واپس کر دیئے۔
تفصیلات کے مطابق اینٹی گرافٹ واچ ڈاگ قوانین میں نئی تبدیلیوں سے مستفید ہونے والے رہنماؤں میں وزیراعظم شہباز شریف، حمزہ شہباز، یوسف رضا گیلانی اور راجہ پرویز اشرف شامل ہیں۔
احتساب عدالتوں نے ریفرنسز کو اپنے دائرہ اختیار سے باہر قرار دیا ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف اور ان کے صاحبزادے حمزہ شہباز کے خلاف رمضان شوگر مل ریفرنس بھی واپس کر دیا گیا۔
عدالت نے سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے خلاف یو ایس ایف فنڈز میں مبینہ بدعنوانی کا نیب کا ریفرنس بھی واپس کردیا جب کہ سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف کے خلاف دائر رینٹل پاور کرپشن کے 6 ریفرنسز بھی عدالت نے واپس کردیے۔
علاوہ ازیں قانون میں حالیہ تبدیلیوں کے بعد پیپلز پارٹی کے سلیم مانڈوی والا، اعزاز ہارون، سابق وزیراعلیٰ کے پی سردار مہتاب عباسی اور پیپلز پارٹی کی سینیٹر روبینہ خالد کے خلاف ریفرنسز واپس کر دیے گئے ہیں۔