اردو ورلڈ کینیڈا( ویب نیوز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما کرنل (ر) محمد ہاشم ڈوگر نے پنجاب کے وزیر داخلہ کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔
ہاشم نے ٹویٹر پر لکھا کہ میں نے ذاتی وجوہات کی بنا پر اپنے عہدے سے استعفیٰ دیا ہے، انشاء اللہ میں پی ٹی آئی ورکر کے طور پر کام کرتا رہوں گا۔
وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی کو بھیجے گئے استعفیٰ میں انہوں نے کہا کہ ’’آپ کی زیر قیادت محکمہ داخلہ اور جیل خانہ جات کے وزیر کی حیثیت سے خدمات انجام دینے پر بہت خوشی ہوئی‘‘۔
ڈوگر نے کہا، "مجھے آپ کو یہ بتاتے ہوئے افسوس ہو رہا ہے کہ میں اپنے ذاتی وعدوں اور صحت کے کچھ مسائل کی وجہ سے کام جاری نہیں رکھ سکوں گا۔”
"میں آپ کی اور اپنے پارٹی چیئرمین کی خدمت کے لیے ہمیشہ موجود تھا اور رہوں گا۔
اس معاملے سے باخبر ذرائع کا کہنا ہے کہ ہاشم ڈوگر نے بظاہر ذاتی وجوہات کی بنا پر استعفیٰ دیا لیکن وہ پارٹی کے اہم رہنماؤں کی جانب سے شدید تنقید اور دباؤ کا شکار تھے۔ پی ٹی آئی کے حامی بھی سوشل میڈیا پر انہیں کئی بار تنقید کا نشانہ بنا چکے ہیں۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ عمران خان کی موجودگی میں پارٹی کے کئی اجلاسوں کے دوران انہیں 25 مئی سمیت مختلف واقعات پر تنقید کا نشانہ بھی بنایا گیا، جس کی وجہ سینئر افسران اور مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں کے خلاف کارروائی میں ناکامی تھی۔