اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز)بھارتی سپریم کورٹ نے سابق وزیر اعظم راجیو گاندھی کے قتل کے تمام 6 مجرموں کو رہا کرنے کا حکم دیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق سپریم کورٹ نے اپنے اعلیٰ اختیارات استعمال کرتے ہوئے راجیو گاندھی قتل کیس میں گرفتار مجرموں کو 33 سال بعد رہا کرنے کا حکم جاری کردیا۔
بھارتی عدالت نے مئی میں راجیو گاندھی کے قتل کے مجرم پارا ریولان کو رہا کرنے کا حکم دیا تھا جب کہ تامل ناڈو حکومت نے بھی راجیو گاندھی قتل کیس میں سزا پانے والے مجرموں کی رہائی کی سفارش کی تھی۔
بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ کانگریس نے سپریم کورٹ کے حکم کو ناقابل قبول قرار دیتے ہوئے اپنی قانونی ٹیم سے مشاورت کے بعد مستقبل کا لائحہ عمل تیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
واضح رہے کہ سابق بھارتی وزیراعظم راجیو گاندھی کو 1991 میں تامل ناڈو میں ایک تامل علیحدگی پسند خاتون نے خودکش بم حملے میں ہلاک کر دیا تھا۔