اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ پاک فوج پروپیگنڈے اور جھوٹے بیانیے کے باوجود غیرسیاسی رہنے کے اپنے فیصلے پر ثابت قدم رہے گی۔
خلیجی اخبار کو انٹرویو دیتے ہوئے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پاکستانی افواج نے ہمیشہ اندرونی خلفشار پر قابو پانے میں کردار ادا کیا ہے، پاکستانی افواج نے ملٹری ڈپلومیسی کے ذریعے عالمی سیاست میں توازن برقرار رکھا ہے۔
آرمی چیف کا کہنا تھا کہ فوج کی غیر سیاسی نوعیت کو کچھ لوگوں نے تنقید کا نشانہ بنایا، فوج کی غیر سیاسی نوعیت سے جمہوری اقدار کو فروغ ملے گا۔
جنرل قمر جاوید نے کہا کہ فوج پروپیگنڈے اور جھوٹے بیانیے کے باوجود غیر سیاسی رہنے کے اپنے فیصلے پر قائم رہے گی، فوج کو غیر سیاسی کرنے سے پاکستان میں سیاسی استحکام آئے گا۔
آرمی چیف کا مزید کہنا تھا کہ فوج کی غیر سیاسی نوعیت سے عوام کے ساتھ تعلقات مضبوط ہوں گے۔