اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے دعویٰ کیا ہے کہ پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کو عام انتخابات سے قبل تاحیات نااہلی اور نظر بندی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
جمعرات کو ایک نجی ٹی وی سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ چاہتے تھے کہ لیفٹیننٹ جنرل عامر اگلے آرمی چیف ہوں اور اگر وہ سنیارٹی لسٹ میں دوسرے نمبر پر ہوتے تو اس بارے میں سوچتے۔
سیاست میں اسٹیبلشمنٹ کی متنازعہ مداخلت پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسٹیبلشمنٹ کے سیاست میں مداخلت نہ کرنے کے فیصلے کو سراہا جانا چاہیے۔
انتخابات کے لیے ہارس ٹریڈنگ کے دعووں کی تردید کرتے ہوئے زرداری نے کہا کہ انہوں نے انتخابات پر اثر انداز ہونے کے لیے کسی کو پیسے کی پیشکش نہیں کی، عام انتخابات وقت پر ہوں گے۔
سابق صدر کا کہنا تھا کہ اسمبلیاں تحلیل ہونے پر اپوزیشن اتحاد کو انتخابات میں پی ٹی آئی کا سامنا کرنا پڑے گا۔
جنرل (ر) باجوہ کی توسیع کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انہوں نے توسیع کے لیے ان سے رابطہ نہیں کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ جنرل سید عاصم منیر کو سنیارٹی کی وجہ سے آرمی چیف بنایا گیا ہے۔