اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے یقین دلایا ہے کہ مسلح افواج آئین کے مطابق اپنی ذمہ داریاں ادا کرنے کے لیے پرعزم ہیں
انہوں نے تمام سیاستدانوں پر زور دیا کہ وہ مذاکرات، مشاورت اور غور و فکر کے جمہوری طریقے سے قوم کو درپیش مسائل سے نجات دلائیں
صدر مملکت نے ان خیالات کا اظہار اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
صدر نے کہا کہ ماضی میں سپر پاورز نے باہمی طور پر یقینی تباہی کا نظریہ اپنایا جس نے دنیا کے وسائل کو مزید مہلک ہتھیاروں کے نظام کو تیار کرنے کی طرف موڑ دیا۔
ڈاکٹر علوی نے مزید کہا کہ اگر ان وسائل کا ایک حصہ غربت اور بھوک کی طرف موڑ دیا جاتا تو بھی اس کا خاتمہ ہو سکتا تھا اور موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات کو بھی کم کیا جا سکتا تھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ملک کے جامع دفاع کے لیے جمہوریت، فوجی دفاع، اطلاعات و مواصلات کی حفاظت اور اقتصادی آزادی ضروری عناصر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے آئین نے تمام شہریوں کے حقوق کا تحفظ کیا ہے خواہ ان کی سماجی حیثیت، دولت یا اثر و رسوخ کچھ بھی ہو۔
انہوں نے کہا کہ بغیر کسی امتیاز کے فوری اور سستے انصاف کی فراہمی کی جائے جس سے ملک کو تیز رفتاری کی بنیاد پر آگے بڑھنے میں مدد ملے گی۔
صدر نے کہا کہ معلومات قومی سلامتی کا ایک اور اہم عنصر ہے کیونکہ غلط معلومات کا استعمال ملک کو تباہ اور معصوم آبادی کو گمراہ کر سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بڑے پیمانے پر تباہی پھیلانے والے ہتھیاروں کے حوالے سے غلط معلومات مشرق وسطیٰ میں ایک بڑے تنازعے کا باعث بنی جس کے نتیجے میں کئی قیمتی جانیں ضائع ہوئیں اور املاک اور اثاثوں کی تباہی ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ سیاستدانوں کو مل بیٹھ کر سیاسی تقسیم ختم کر کے لوگوں کو ریلیف دینا چاہیے