اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز)چترال میں ایک امریکی شکاری نے 45 انچ لمبے سینگوں کے ساتھ نو سالہ مارخور کا شکار کیا۔
خیبرپختونخوا کے محکمہ جنگلی حیات کے مطابق اس مارخور کا شکار ٹرافی ہنٹنگ سکیم کے تحت کیا گیا
پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا کے پہاڑی ضلع چترال میں امریکی شکاری کلیپر ٹوڈ کیون نے رواں موسم سرما میں پہلا مارخور کا شکار کیا ہے۔
چترال پاکستان کے قومی جانور مارخور کا ایک بڑا مسکن ہے جب کہ مارخور گلگت بلتستان، بلوچستان اورکوہستان میں بھی پایا جاتا ہے۔
اس کے علاوہ مارخور کی ایک قسم بلوچستان میں پائی جاتی ہے جسے کوہ سلیمان مارخور کہا جاتا ہے۔
خیبرپختونخوا میں جنگلی حیات کے تحفظ کے محکمے نے رات گئے ایک ٹویٹ میں کہا کہ سیزن کا پہلا شکار امریکی شکاری کیون نے توشیشا کمیونٹی کے زیر انتظام گیم ریزرو میں کیا۔
مارخور کی عمر نو سال تھی اور اس کے سینگ تقریباً 45 انچ لمبے تھے۔
ایک اور ٹویٹ میں محکمہ نے کہا کہ مقامی آبادی کے اشتراک سے مارخور کے تحفظ کے لیے موثر اقدامات کیے گئے ہیں جس کی وجہ سے اس خطرے سے دوچار قومی جانور کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے اور ‘مقامی آبادی نے اس کے تحفظ میں اپنا کردار ادا کیا ہے۔
13.12.2022
The season first hunt of Markhor was carried out at Tooshi-Shasha Community Managed Game Reserve by American hunter Mr. Klimper Todd Kevin on 12/12/2022. The horns size of the trophy were 45 inches while approximate age of the giant male was nine years. pic.twitter.com/1aCef42lFH
— Wildlife Department KP (@WildlifeKPGovt) December 13, 2022
ٹرافی ہنٹنگ سکیم کے علاوہ مارخور کے شکار پر مکمل پابندی ہے۔ مارخور کے تحفظ کے لیے حالیہ برسوں میں کئی اقدامات کیے گئے ہیں، جن میں سے ایک یہ ہے کہ ہر سال صرف چند لائسنس ہی اس جانور کے شکار کے لیے جاری کیے جاتے ہیں، جن میں غیر ملکی شکاری بھی شامل ہیں۔
مارخور کا شکار ٹرافی ہنٹنگ پروگرام کے تحت کیا جاتا ہے جو نومبر کے اوائل سے اپریل کے آخر تک جاری رہتا ہے۔