اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز)ٹورنٹو پیئرسن انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے سفر کرنے والے بہت سے مسافر کئی دنوں تک انتظار کرنے کے بعد بھی اپنے بیگ نہ ملنے کی شکایت کر رہے ہیں۔
ٹورنٹو پیئرسن انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ٹرمینل 1 کے ویٹنگ ایریا میں سیکڑوں بیگ پڑے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں۔
ایک شخص نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ کرسمس سے ایک دن پہلے وہ کچھ تحائف اور سکی گیئر لے کر ایئرپورٹ پر اترا تھا لیکن ابھی تک اسے اپنا سامان نہیں ملا۔ اس نے کہا کہ یہ بہت بری بات ہے کہ آپ کو اپنا کرسمس اپنی چیزوں کی تلاش میں گزارنا پڑے گا، یہ بہت مایوس کن ہے۔
ایک اور خاتون نے بتایا کہ وہ 24 دسمبر کو ٹورنٹو پیئرسن ایئرپورٹ پر اتری۔ لیکن وہ اپنا بیگ لینے کے لیے ایئرپورٹ کے کئی چکر لگا چکی ہیں لیکن پھر بھی چار میں سے صرف ایک بیگ ہی مل سکا۔ان کا کہنا تھا کہ چھٹیوں کا موسم ہونے کی وجہ سے زیادہ عملہ نہیں ہے، اسی طرح کی شکایات دوسرے لوگوں کی طرف سے بھی کی جا رہی ہیں۔ ٹورنٹو پیئرسن انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے حکام نے بھی ٹوئٹر پر اس مسئلے کا اعتراف کیا ہے۔