اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) میکسیکو کے سرحدی شہر جواریز کی
جیل پر مسلح حملے کے نتیجے میں 14 افراد ہلاک ہو گئے ۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق ریاستی پراسیکیوٹر کا کہنا ہے کہ واریز جیل پر مسلح حملے کے نتیجے میں
10 اہلکاروں سمیت 4 قیدی ہلاک جب کہ حملے میں 13 افراد زخمی ہوئے ہیں۔اسٹیٹ پراسیکیوٹر کے مطابق
جیل پر مسلح حملے کے بعد 24 قیدی بھی جیل سے فرار ہو گئے ہیں۔پراسیکیوٹر کا کہنا تھا کہ ابھی تک
یہ واضح نہیں ہے کہ حملہ کس نے کیا تاہم ابتدائی تحقیقات کے مطابق مسلح گاڑیوں میں سوار حملہ آوروں نے
صبح سات بجے جیل میں داخل ہوتے ہی فائرنگ شروع کردی۔ جیل پر حملے کے کچھ دیر بعد واریز کی میونسپل
پولیس کے اہلکاروں پر بھی حملہ کیا گیا جس کے بعد پولیس نے حملہ آوروں کا پیچھا کرتے ہوئے 4 افراد کو
گرفتار کرکے ان کی گاڑی تحویل میں لے لی۔شہر میں ایک اور مسلح حملے میں دو ڈرائیور بھی مارے گئے
واضح رہے کہ گزشتہ برس اگست میں واریز جیل میں دو حریف گروہوں کے قیدیوں کے درمیان ہنگامہ آرائی اور
فائرنگ کے نتیجے میں 11 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔