اردو ورلڈ کینیڈ ا( ویب نیوز)امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس نے کہا ہے کہ پاکستان قومی سلامتی کے بیانات سے آگاہ ہے، دہشت گردی کے خلاف دفاع پاکستان کا حق ہے۔
امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس نے نیوز کانفرنس کے دوران کہا کہ پاکستانی عوام دہشت گرد حملوں سے بہت نقصان اٹھا چکے ہیں، افغانستان دہشت گردی کا لانچنگ پیڈ نہ بنے، اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ افغان سرزمین دہشت گردی کے لیے استعمال نہ ہو۔
یہ بھی پڑھیں ۔۔۔۔
افغانستان میں دہشت گرد دوبارہ منظم ہوئے تو امریکہ کارروائی کرے گا: محکمہ خارجہ
نیڈ پرائس نے کہا کہ وہ افغانستان کی صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں اور اس بات کا بھی جائزہ لے رہے ہیں کہ طالبان کے فیصلوں کے خلاف کیا اقدامات کیے جائیں۔
ترجمان نے کہا کہ ہم افغان عوام کی بہتری کے لیے پرعزم ہیں، افغان طالبان اپنے وعدے پورے نہیں کر رہے، این جی اوز اور خاص طور پر خواتین کو افغانستان میں کام کرنے کی اجازت دی جائے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ امریکا اور اس کے اتحادیوں کو طالبان کے فیصلوں پر ردعمل کا اظہار کرنا چاہیے، جی 7 اور دیگر ممالک نے بھی اپنی تشویش کا اظہار کیا ہے۔