اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز)سابق وفاقی وزیر اور پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے کہا ہے کہ تحریک عدم اعتماد میں تحریک انصاف کی اصل لڑائی فوج سے تھی
برطانوی نشریاتی ادارے کے پروگرام ہارڈ ٹاک میں گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ معاشی بحران سیاسی بحران کا نتیجہ ہے، عمران خان کی حکومت کو غیر ضروری طور پر گھر بھیج کر معاشی بحران پیدا کیا گیا سیاسی استحکام کے بغیر معاشی استحکام حاصل نہیں کیا جا سکتا۔
انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت کے دور میں عدلیہ اور قانون کے اداروں میں کرپشن انڈیکس میں اضافہ ہوا۔
فواد نے کہا کہ تحریک عدم اعتماد میں پی ٹی آئی کی اصل لڑائی فوج سے تھی ورنہ مستحکم حکومتیں اس طرح نہیں جاتی جس طرح اپریل میں تحریک انصاف کی حکومت چلی گئی۔ سب جانتے ہیں کہ ہماری حکومت کی اتحادی جماعتوں کو کون کنٹرول کر رہا تھا۔ یہ بالکل واضح تھا کہ اتحادی جماعتیں کس کی ہدایات پر عمل کر رہی ہیں، ایسا نہیں ہونا چاہیے تھا، سیاست کو سیاستدانوں پر چھوڑ دینا چاہیے تھا۔
انہوں نے کہا کہ سابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ پی ٹی آئی حکومت کو گھر بھیجنے میں پوری طرح ملوث تھے۔
سائفر کے حوالے سے پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ ہم نے امریکا میں پاکستانی سفیر کا سائفر پیش کیا۔ پاکستانی سفیر نے اسسٹنٹ سیکرٹری آف سٹیٹ ڈونالڈ لو سے ملاقات کے بعد یہ پیغام بھیجا۔ ڈونلڈ لو نے کہا کہ حکومت کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک چلی ہے۔ تعلقات کا انحصار عدم اعتماد کی کامیابی یا ناکامی پر ہوگا، سائفر دستاویز ہم نے صدر کو بھیجا اور سائفر معاملے کی عدالتی تحقیقات کے لیے لکھا۔