اردوورلڈ کینیڈ ا ( ویب نیوز)ترجمان وزیراعلیٰ پنجاب اور حکومت پنجاب مسرت جمشید چیمہ نے وفاقی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ زرعی ملک میں لوگ آٹے کے لیے مرنا شروع ہوجائیں تو اسے ڈیفالٹ کہتے ہیں۔
وزیراعلیٰ اور پنجاب حکومت کی ترجمان مسرت جمشید چیمہ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ گزشتہ روز سندھ میں سستا آٹا خریدنے کے دوران بھگدڑ مچنے سے ایک شہری جان کی بازی ہار گیا۔
سستا آٹاخریدنے کی کوشش ،بھگدڑ مچنے سے 8 بچوں کا باپ جاں بحق ،تین خواتین زخمی
انہوں نے کہا کہ جب زرعی ملک میں لوگ آٹے کے لیے مرنا شروع کر دیں تو اسے ڈیفالٹ کہا جاتا ہے۔ حکومت پاکستان عملاً دیوالیہ ہو چکی ہے۔ جعلی حکومت کے نااہل وزراء کے چہروں پر کوئی شرم نہیں۔
ترجمان پنجاب حکومت کا کہنا ہے کہ پاکستان کے غریب عوام فاقہ کشی کی انتہا پر پہنچ چکے ہیں اور اشیائے خوردونوش کی قلت کے بعد پیٹرول کی قیمت میں اضافے کی تیاریاں ہیں۔
مسرت جمشید چیمہ نے خبردار کیا کہ حالات پر قابو نہ پایا گیا تو چند روز میں عوام معاملات اپنے ہاتھ میں لے لیں گے۔
اگر حالات کنٹرول نہ کیے گئے تو کچھ روز میں عوام معاملات خود اپنے ہاتھ میں لے لے گی
— Musarrat Cheema (@MusarratCheema) January 8, 2023
میرپورخاص میں سستا آٹا لینے کے لیے سٹال پر بھگدڑ میں ایک شہری ہجوم کے پیروں تلے کچل کر ہلاک ہوگیا تھا۔