اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز) آئی ایم ایف نے پاکستان سے کہا ہے کہ وہ مارکیٹ میں ڈالر کی شرح تبادلہ کو ایڈجسٹ کرے اور مصنوعی پابندی ہٹائے۔
وزارت خزانہ کے ذرائع کے مطابق وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار جنیوا کانفرنس کے موقع پر آئی ایم ایف کے وفد سے ملاقات کریں گے، جس میں آئی ایم ایف پروگرام کے حوالے سے بات چیت ہوگی۔
وزارت خزانہ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف کا مطالبہ ہے کہ پاکستان ڈالر کی شرح مبادلہ کو مارکیٹ کے مطابق ایڈجسٹ کرے، شرح مبادلہ پر سے مصنوعی پابندی ہٹائے۔
ذرائع کے مطابق پاکستان کو 30 جون 2023 تک 855 ارب روپے پیٹرولیم لیوی اکٹھا کرنے کا پلان دینا ہے، جس کے لیے ڈیزل پر لیوی کو فوری طور پر 32.5 روپے سے بڑھا کر 50 روپے فی لیٹر کرنا ہوگا، 1500 ارب روپے کا سرکلر ڈیٹ لازمی ہے۔ گیس سیکٹر میں گیس ختم کی جائے جس کے لیے گیس کے نرخوں میں اضافہ کرنا پڑے گا۔
وزارت خزانہ کے ذرائع نے بتایا ہے کہ آئی ایم ایف سبسڈی ختم کرنا چاہتا ہے، آئی ایم ایف ٹیکس ریونیو میں 300 ارب روپے اضافے کا بھی مطالبہ کر رہا ہے، پاکستان کو بجلی کے نقصانات کم کرنے کے لیے بجلی کے نرخ بڑھانا ہوں گے۔ 3.5 روپے فی یونٹ اضافے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار آئی ایم ایف سے ریلیف کی درخواست کریں گے، وزیر خزانہ آئی ایم ایف کے ایم ڈی سے بھی ملاقات کریں گے۔