اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز)عالمی بینک نے کہا ہے کہ پاکستان کی معیشت سنگین مسائل کا شکار ہے اور ملک میں مہنگائی 1970 کے بعد سے بلند ترین سطح پر ہے۔
عالمی بینک نے عالمی اقتصادی اثرات کے حوالے سے رپورٹ جاری کی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ یوکرین روس جنگ سمیت کئی وجوہات کی وجہ سے عالمی معیشت کو سست روی کا سامنا ہے۔
پاکستان کے حوالے سے رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال سیلاب کے باعث پاکستان کی اقتصادی ترقی کی شرح 2 فیصد رہنے کا امکان ہے، اس سے قبل عالمی بینک نے پاکستان کی جی ڈی پی گروتھ 4 فیصد رہنے کی پیش گوئی کی تھی۔
عالمی بینک کے مطابق پاکستان کو مشکل معاشی حالات کا سامنا ہے، حالیہ بدترین سیلاب اور سیاسی غیر یقینی صورتحال پاکستان کے مشکل معاشی حالات کی بڑی وجوہات ہیں، پاکستان کو بیرونی قرضوں کی ادائیگی کے شدید خطرات کا سامنا ہے۔
دسمبر میں 24.5 فیصد مہنگائی 1970 کی دہائی کے بعد سب سے زیادہ ہے، عالمی بینک کا کہنا ہے کہ پاکستان کے سیلاب سے جی ڈی پی کے 4.8 فیصد کے برابر لاگت آئی۔
رپورٹ کے مطابق جون سے دسمبر تک ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں 14 فیصد کمی ہوئی ہے پاکستان کی معیشت انتہائی مسائل کا شکار ہے۔