اردو ورلڈکینیڈا ( ویب نیوز)وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ اگر اعتماد کا ووٹ لینا پڑا تو اپنے پورے نمبر دکھائیں گے۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پیپلز پارٹی بلدیاتی انتخابات یا عام انتخابات سے خوفزدہ نہیں، الیکشن کمیشن کے فیصلے کے بعد ابہام دور ہو گیا ہے۔ کارکن بڑی تعداد میں باہر نکلیں اور اپنا حق رائے دہی استعمال کریں۔
وزیر خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان کی وجہ سے معیشت مشکل میں تھی اب بہتری کی امید ہے عمران خان اسی لیے معاملات کو سبوتاژ کرنا چاہتے ہیں، پاکستان نے تاریخ کی سب سے بڑی قدرتی آفت کا سامنا کیا سب سے پہلے پاکستان کو مشکل صورتحال سے نکالنا ضروری ہے، فوری عام انتخابات کا انعقاد ملک کے مفاد میں نہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہماری جنیوا کانفرنس کامیاب رہی، دوست ممالک نے پاکستان کی مدد کے لیے بڑے اعلانات کیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان صرف ذاتی مفاد کا سوچتے ہیں موجودہ صورتحال میں الیکشن میں جانا کسی صورت بھی درست فیصلہ نہیں ہوگا۔