اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) عظیم بھارتی کرکٹر کپتان محمد اظہرالدین نے کہا ہے کہ بابر اعظم کا اپنا انداز ہے، مار دھاڑ کرنا ان کا کھیل نہیں، اگر بابر اعظم ہٹنگ کے لیے گئے تو ان کا قدرتی ٹیلنٹ ضائع ہو جائے گا۔ابوظہبی میں صحافیوں سے گفتگو میں اظہرالدین نے کہا کہ ہر کھلاڑی کا اصل ہتھیار اس کا فطری ٹیلنٹ ہوتا ہے ۔
اگر کوئی کھلاڑی اپنی فطری صلاحیت سے ہٹنے کی کوشش کرے گا تو ناکامی کا خطرہ ہوگا۔انہوں نے کہا کہ بابر اور رضوان پاکستان کے لیے اہم کھلاڑی ہیں، بابر کو اپنی بیٹنگ پوزیشن کے بارے میں سوچنا ہو گا، بابر اعظم اچھے کھلاڑی ہیں لیکن وہ قدرتی اوپننگ بیٹسمین نہیں ہیں، ہر آدمی سیکھتا ہے، بابر اعظم کو بطور کپتان مزید وقت درکار ہے۔
اظہرالدین کا مزید کہنا تھا کہ کپتان کا اتنی جلدی فیصلہ کرنا درست نہیں، وقت کے ساتھ ہر کوئی سیکھتا ہے، بابر بھی سیکھیں گے، پاکستان کے بولرز کافی اچھے ہیں لیکن انہیں فٹنس پر توجہ دینا ہوگی، انجری کے بعد اچھے سے اچھے گیند بازوں کے لیے واپسی مشکل ہو جاتی ہے۔
بھارتی کپتان نے کہا کہ انگلینڈ نے ان دنوں بہت اچھی کرکٹ کھیلی ہے، انگلینڈ کی کرکٹ دیکھنے کا بہت مزہ آیا، کرکٹ ورلڈ کپ میں کافی وقت ہے، اس سے قبل ٹیموں کو بہت زیادہ میچز کھیلنا ہیں ۔