اردو ورلڈ کینیڈا( ویب نیوز )وزیر اعظم شہباز شریف نے پشاور میں خودکش دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کے خلاف لڑنے والوں کو صفحہ ہستی سے مٹایا جائے گا۔
پولیس لائنز پشاور کی مسجد میں دہشت گردوں کے خودکش حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے وزیراعظم نے مزید کہا کہ اللہ کے حضور سجدہ ریز ہوتے ہوئے مسلمانوں کا وحشیانہ قتل قرآنی تعلیمات کے منافی ہے۔ اللہ کے گھر کو نشانہ بنانا اس بات کا ثبوت ہے کہ حملہ آوروں کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں۔ دہشت گرد ان لوگوں کو نشانہ بنا کر خوف و ہراس پھیلانا چاہتے ہیں جو پاکستان کے دفاع کا فرض ادا کر رہے ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کے خلاف لڑنے والوں کو صفحہ ہستی سے مٹا دیا جائے گا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ شہریوں کا ناحق خون بہانے والوں کو عبرت کا نشان بنایا جائے گا۔ اپنے بیان میں وزیراعظم نے مزید کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پوری قوم اور ادارے ایک اور متحد ہیں۔ قوم اپنے شہدا کو سلام پیش کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں امن و امان کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر جامع حکمت عملی اپنائی جائے گی۔ وفاق صوبوں کی انسداد دہشت گردی کی صلاحیت بڑھانے میں مدد کرے گا۔
وزیراعظم نے وفاقی وزیر داخلہ کو ہدایت کی کہ وہ صوبوں بالخصوص خیبرپختونخوا کانٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کی استعداد کار بڑھانے میں مدد فراہم کریں۔ وزیراعظم نے پشاور میں پولیس لائنز مسجد میں خودکش دھماکے کے شہدا کے لیے دعائے مغفرت، لواحقین کے لیے صبر جمیل اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی ہے۔