اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز)حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کے بعد مہنگائی کے ستائے عوام پر بھی ایل پی جی بم گرادیا، اوگرا نے ایل پی جی کی قیمت میں 60 روپے فی کلو اضافہ کردیا۔
تفصیل کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کے بعد ایل پی جی کی قیمت میں 60 روپے فی کلو اضافہ کردیا گیا، ایل پی جی کی قیمت 204 روپے سے بڑھ کر 264 روپے ہوگئی۔
چیئرمین ایل پی جی ایسوسی ایشن عرفان کھوکھر کے مطابق حکومت نے ڈالر، پیٹرول کے بعد عوام پر ایل پی جی بم گرا دیا، ایل پی جی کی قیمتوں میں تاریخی اضافہ ہوا جس سے غریبوں کی کمر ٹوٹ گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نے ایل پی جی مافیا کے سامنے گھٹنے ٹیک دیئے اب گیس مافیا کی چاندی ہو گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق اوگرا نے فروری 2023 کے لیے ایل پی جی کی قیمت میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا جس میں 2706 روپے کا اضافہ ہوا ہے۔
تمام شرائط پوری کریں گے ، پاکستان کی آئی ایم ایف کے وفد کو یقین دہانی
اضافے کے بعد گھریلو سلنڈر 3115 روپے اور کمرشل سلنڈر 11984 روپے میں فروخت ہو گا۔
واضح رہے کہ ملک بھر میں ایل پی جی کی بلیک مارکیٹنگ عروج پر ہے اور ایل پی جی من مانی قیمتوں پر فروخت کی جارہی ہے۔
ایل پی جی ایسوسی ایشن کے چیئرمین نے کہا کہ ملک میں جاری بحران میں حکومتی گیس کمپنی مافیا بن چکی ہے، ملک میں روزانہ 5 ہزار ٹن ایل پی جی فروخت ہو رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر عوام کو سستی گیس فراہم کرنی ہے تو مقامی پلانٹ جے جے وی ایل کو چلایا جائے۔ جے جے وی ایل کو آپریشنل کرنے سے یومیہ 550 سے 750 میٹرک ٹن ایل پی جی پیدا کی جائے گی جس سے مافیا کا خاتمہ ہو گا اور صارفین کے لیے ایل پی جی ٹھیک ہو جائے گی۔