ارد و ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز)روس اور یوکرین نے ہفتے کے روز 200 جنگی قیدیوں کا تبادلہ کیا جب کہ روس نے بھی دو برطانوی رضاکاروں کی لاشیں یوکرین کے حوالے کر دیں۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق یوکرائنی صدر کے چیف آف اسٹاف اینڈری یرماک کا کہنا ہے کہ یوکرائن کے 116 قیدی وطن واپس پہنچ گئے ہیں۔
دوسری جانب روسی نیوز ایجنسی نے وزارت دفاع کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ یوکرین کی جیلوں سے 63 روسی جنگی قیدیوں کو رہا کر دیا گیا ہے۔
یوکرائنی اہلکار اینڈری یرماک نے اپنے ٹیلی گرام میں لکھا ہے کہ ہم اپنے 116 ہیروز کو واپس لانے میں کامیاب ہو گئے ہیں جوماریوپول، کھیرسن اور باخمت کے محاذوں پر ملکی دفاع کے لیے لڑے تھے
اینڈری یرماک نے کہا کہ مشرقی یوکرین میں جنگ کے دوران شہریوں کے انخلاء کے دوران ہلاک ہونے والے دو برطانوی رضاکاروں کی لاشیں بھی یوکرین روانہ کر دی گئی ہیں۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق روسی وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ متحدہ عرب امارات کی ثالثی سے 63 روسی فوجیوں کو رہا کیا گیا ہے