اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )اسلام آباد کی مقامی عدالت نے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کو ایک روزہ ریمانڈ پر مری پولیس کے حوالے کر دیا۔
شیخ رشید کو اسلام آباد میں ڈیوٹی مجسٹریٹ رفعت محمود خان کی عدالت میں پیش کیا گیا،
اس پر عدالت نے مری پولیس سے استفسار کیا کہ کیا راہداری پہلی بار ریمانڈ مانگ رہے ہیں جس پر تفتیشی افسر نے کہا کہ پہلی بار ریمانڈ کی درخواست کی ہے۔
بعد ازاں عدالت نے پولیس کی جانب سے ٹرانزٹ ریمانڈ کی استدعا پر فیصلہ سناتے ہوئے شیخ رشید کو ایک روزہ راہداری ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔
قبل ازیں عدالت میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ مجھ سے موجودہ مقدمات کی کسی نے تحقیقات نہیں کی، مجھ سے ہمیشہ سیاسی بات کی جاتی ہے یہ عمران خان کو نا اہل کرانے کا فیصلہ کرچکے ہیں
ان کا کہنا تھا کہ وہ پی ٹی آئی کے اندر سے دوسری پارٹی بنانا چاہتے ہیں، وہ مجھے بھی کہہ رہے ہیں کہ عمران کا ساتھ چھوڑ دو، عمران خان کو کسی حال میں نہیں آنے دیں گے۔ جب کوئی ملنے آتا ہے تو آنکھوں پر پٹی باندھ دی جاتی ہے
سابق وزیر داخلہ نے کہا کہ وہ مجھے ایک اہم شخص سے ملوانا چاہتے تھے، میں نے ملنے سے انکار کر دیا، جان دے دوں گا، اپنی ہمدردی نہیں بدلوں گا، عمران خان کے ساتھ ثابت قدم رہوں گا، مجھے بتایا گیا کہ صوبائی اور مرکز کے انتخابات ایک ساتھ ہوں گے، مجھے ایک بار جیل بھی لے جایا گیا، ہمت نہیں ہاری جیل میں سی کلاس میں رکھا گیا۔