اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )وزیر اعظم شہباز شریف سے اراکین قومی اسمبلی اور سابق اراکین پنجاب اسمبلی کی ملاقاتوں کی اندرونی کہانی سامنے آ گئی ہے۔
وزیر اعظم شہباز شریف سے عابد رضا، را اجمل، رانا مشہود، عنیزہ فاطمہ، راحیلہ خادم حسین اور دیگر نے ملاقات کی۔
پارٹی ذرائع کے مطابق لیگی ارکان نے وزیراعظم شہباز شریف کو عوام کے جذبات سے آگاہ کیا۔
اراکین نے کہا کہ عوام مہنگائی، بے روزگاری اور گرتی ہوئی معیشت کے مسائل سے انتہائی پریشان ہیں، الیکشن ہوئے تو پارٹی مہنگائی کی موجودہ لہر میں بہہ جائے گی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں مہنگائی کی لہر ہے، معاشی صورتحال واقعی خراب ہے، سمجھ نہیں آرہا کہ اس معاشی صورتحال میں کیا کریں۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان حکومت کی غلطیوں کا خمیازہ بھگت رہے ہیں، آئی ایم ایف کی شرائط بہت تکلیف دہ ہیں لیکن انہیں ماننے کے سوا کوئی چارہ نہیں۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ آئی ایم ایف سے معاہدے کے بعد عوام کو فوری ریلیف دینے کی کوشش کریںگے ۔