اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیو ز ) دبئی کے لیے ایک بے مثال تعمیراتی منصوبہ سامنے آیا ہے۔دبئی کی ایک کمپنی، URB نے ایک ایئرکنڈیشنڈ ہائی وے بنانے کے لیے ایک پروجیکٹ تجویز کیا ہے۔
ہائی وے 58 میل لمبی ہوگی جس پر چھت ہوگی اور اسے دی لوپ کہا جائے گا۔ بنیادی طور پر یہ شاہراہ سائیکل سواروں یا پیدل چلنے والوں کے لیے ہو گی۔
کمپنی کے مطابق اس منصوبے کا مقصد پیدل یا سائیکل کے ذریعے دبئی میں کسی بھی جگہ تک رسائی کی سہولت فراہم کرنا ہے۔ ہائی وے دبئی کے ارد گرد جائے گی اور کاروں سے پاک گرین کوریڈور ہو گی تاکہ لوگ پیدل یا سائیکل کے ذریعے شہر کی سیر کر سکیں۔
کمپنی نے دبئی کے صحرا کے لیے ایگری ہب کے نام سے ایک زرعی سیاحت کا منصوبہ بھی تجویز کیا ہے۔اس منصوبے کا مقصد ماحولیاتی تعلیم، ماحول دوست زراعت اور سبز سیاحت کو فروغ دینا ہے۔
دونوں منصوبوں کے لیے پانی اور توانائی متبادل ذرائع سے حاصل کی جائے گی۔ کمپنی کو توقع ہے کہ ایئر کنڈیشنڈ ہائی وے 2040 تک تیار ہو جائے گی، جبکہ ایگری ہب پر کام 2024 میں شروع ہو سکتا ہے۔