اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز)پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا ہے کہ آئین سے انحراف نہیں کیا جا سکتا، امید ہے حکومت بغاوت کی بجائے آئین پر عمل کرے گی۔
اسد عمر نے کہا کہ حکومت اپیل میں گئی تو نئی صورتحال پیدا ہوگی، الیکشن کمیشن فوری طور پر الیکشن کی تاریخ کا اعلان کرے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت وسائل فراہم نہیں کرے گی تو الیکشن کمیشن عدالت کو بتائے۔ چیف سیکرٹری، آئی جی پنجاب کو عدالت میں بلایا گیا۔
پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ بنیادی طور پر ہماری تیاریاں مکمل ہیں، پارٹی ٹکٹوں کا اعلان بھی پیر، منگل سے شروع ہو جائے گا، تاحال عمران خان کو ڈاکٹروں کی جانب سے کلیئرنس نہیں ملی، ٹکٹوں کا اعلان مرحلہ وار کیا جائے گا۔ پہلے مرحلے کا اعلان پیر یا منگل کو کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ انٹرا کورٹ اپیل میں جائیں گے تو عدالت سٹے نہیں دے گی، عدالتی فیصلے کے بعد انتخابی عمل شروع ہو جائے گا۔
اسد عمر نے کہا کہ میں اس فیصلے کو تحریک انصاف کی نہیں بلکہ پاکستان کے آئین اور جمہوریت کی کامیابی کہوں گا۔