اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )حکومت نے ایک بار پھر بجلی کے نرخ بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے جس کے لیے ای سی سی نے 3.82 روپے فی یونٹ لیوی کی منظوری دے دی ہے۔
تفصیل کے مطابق بجلی صارفین کے لیے ایک اور بری خبر آگئی، حکومت نے بجلی استعمال کرنے والے ہر یونٹ پر پاور ہولڈنگ لیوی لگانے کا فیصلہ کیا ہے، جس پر ای سی سی نے 3 روپے 82 پیسے فی یونٹ لیوی کی منظوری دے دی ہے
پاور ڈویژن کے ذرائع کے مطابق بجلی کی قیمتوں پر لیوی مرحلہ وار عائد کی جائے گی اور نیپرا سے منظوری کے بعد بجلی صارفین کے لیے 31 روپے 74 پیسے فی یونٹ ہو گی۔
ذرائع کے مطابق فروری سے مارچ کے لیے 43 پیسے پاور ہولڈنگ لیوی کی منظوری دی گئی ہے، مارچ سے جون تک 3 روپے 39 پیسے اضافی لیوی اور جولائی سے اکتوبر تک 43 پیسے اضافی لیوی عائد کی جائے گی اور 3.39 روپے لیوی ختم ہو جائے گی۔ اسی طرح نومبر 2023 سے جون 2024 تک 1.43 روپے لیوی لگائی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق پاور ہولڈنگ لیوی 300 یونٹ استعمال کرنے والے صارفین پر لاگو نہیں ہوگی، لائف لائن صارفین اور کے الیکٹرک کے بجلی صارفین بھی پاور ہولڈنگ لیوی سے مستثنی ہوں گے۔