اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )گورنر پنجاب بلیغ الرحمان نے لاہور ہائی کورٹ کے صوبے میں انتخابات کرانے کے حکم کے حوالے سے درخواست دائر کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جس میں فیصلے کی تشریح اور وضاحت کی استدعا کی جائے گی۔
لاہور ہائیکورٹ کے حکم پر پنجاب میں انتخابات کی تاریخ کے حوالے سے الیکشن کمیشن کے وفد نے گورنر پنجاب بلیغ الرحمان سے گورنر ہا ئوس پنجاب میں ملاقات کی۔
اس موقع پر چیف سیکرٹری اور آئی جی پنجاب بھی موجود تھے۔ چیف سیکرٹری اور آئی جی پنجاب نے صوبے میں انتظامی اور امن و امان کی صورتحال پر بریفنگ دی۔
اجلاس میں فیصلے کی تشریح اور وضاحت کے لیے لاہور ہائی کورٹ سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
گورنر پنجاب لاہور ہائی کورٹ میں درخواست دائر کریں گے اور سنگل بنچ کے فیصلے کے قانونی دائرہ کار کو چیلنج کریں گے۔
گورنر لاہور ہائیکورٹ سے فیصلے کی تشریح کرنے کی درخواست کریں گے اور پوچھیں گے کہ انتخابات کی تاریخ سے متعلق فیصلے کا اطلاق گورنر پنجاب پر کیسے ہوتا ہے۔
واضح رہے کہ لاہور ہائی کورٹ نے الیکشن کمیشن کو پنجاب میں انتخابات کی تاریخ کا اعلان اور گورنر سے مشاورت کے بعد نوٹیفکیشن جاری کرنے کا حکم دیا تھا۔