اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) موڈیز کے تجزیہ کار کے مطابق انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) کے پیکج سے پاکستان کی معیشت کی بحالی کا امکان نہیں ہے۔
موڈیز کے تجزیہ کار نے غیر ملکی خبر رساں ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئےپاکستان کی معیشت کے بارے میں کہا کہ رواں سال کے پہلے 6 ماہ میں پاکستان میں مہنگائی کی شرح 33 فیصد رہ سکتی ہے۔
خبر رساں ادارے کے مطابق موڈیز کے تجزیہ کار کا کہنا ہے کہ صرف آئی ایم ایف پیکج سے پاکستان کی معیشت کی بحالی کا امکان نہیں ہے۔
تجزیہ کار کا کہنا ہے کہ پاکستان کی معیشت کو مسلسل، حقیقی معنوں میں مضبوط اور پائیدار انتظام کی ضرورت ہے، اشیائے خوردونوش کی قیمتیں بڑھنے سے پاکستان کو قیمت ادا کرنا پڑے گی، جس سے غربت میں مزید اضافہ ہوگا۔
موڈیز کے تجزیہ کار نے کہا کہ روپے کی قدر میں کمی سے درآمدات مہنگی ہو رہی ہیں، توانائی کی قیمت میں اضافے سے مہنگائی کی شرح میں بھی اضافہ ہو گا۔ معاشی تجزیہ کار کے مطابق پاکستان میں مہنگائی پر قابو پانے کے لیے مانیٹری پالیسی کو مزید سخت کرنا ہو گا