اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز)سابق صدر آصف علی زرداری کے خلاف عمران خان کو قتل کرنے کی سازش سے متعلق کیس میں عدالت نے شیخ رشید پر فرد جرم عائد کرنے کے لیے 2 مارچ کی تاریخ مقرر کر دی ہے۔
جوڈیشل مجسٹریٹ عمر شبیر نے سابق صدر آصف علی زرداری کے خلاف عمران خان کو قتل کرنے کی سازش سے متعلق کیس کی سماعت کی، اسلام آباد پولیس نے سابق وزیر داخلہ شیخ رشید کے خلاف چالان پیش کردیا۔
جوڈیشل مجسٹریٹ نے تھانہ آبپارہ کے ایس ایچ او کے خلاف مقدمہ کے اندراج کی درخواست واپس کر دی، جوڈیشل مجسٹریٹ نے کہا کہ یہ درخواست سیشن جج کی عدالت میں جمع کرائی جائے، میرے پاس کوئی اختیار نہیں۔
عدالت نے شیخ رشید پر فرد جرم عائد کرنے کے لیے 2 مارچ کی تاریخ مقرر کردی، شیخ رشید نے عدالت سے استدعا کی کہ کانفرنس میں شرکت کرنی ہے، 15 مارچ کی تاریخ دیں، جس پر عدالت نے ریمارکس د ئیے کہ ہائی کورٹ کے احکامات ہیں ہم لمبی تاریخ نہیں دے سکتے
عدالت کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے سابق وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا کہ میں نے قید و بند کی صعوبتیں برداشت کیں، وہ الیکشن سے بھاگ رہے ہیں، اب صرف سپریم کورٹ ہے جو پاکستان کو بچا سکتی ہے۔