اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز)عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ 90 دن سے زیادہ الیکشن ملتوی کرنے والا غدار ہوگا، الیکشن ملتوی کرنے والوں پر آرٹیکل 6 لگایا جائے گا۔
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان سے ملاقات کے بعد زمان پارک کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج عمران خان نے زندگی میں پہلی بار رہائی پر کسی کو سگار کا ڈبہ دیا ہے۔ انہوں نے سگار کا ڈبہ میڈیا کو بھی دکھایا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ اہم پریس کانفرنس کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ غریب ایڑیاں رگڑ کر مر رہا ہے۔ تمام بحرانوں کا ایک ہی حل ہے۔ ملک میں فوری انتخابات کرائے جائیں۔ مریم نواز کے شوہر ان کے ساتھ نہیں، مریم نواز میں ہمت ہے تو قوم بتائے کہ یہ کس کی حکومت ہے۔
شیخ رشید نے کہا کہ 380 ارب کی بجلی چوری ہو رہی ہے، جو بجلی چوری ہوتی ہے وہ بلوں میں ڈالتے ہیں، یہ ملک بچانے کا وقت ہے، عمران کے ساتھ کھڑے ہوں، چوروں کو آنکھیں دکھائیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان پر ایسا وقت کبھی نہیں آیا جتنا آج ہے، عمران خان 22 کروڑ عوام کی آواز ہیں۔