اردوورلڈکینیڈا (ویب نیوز)مسلم لیگ (ن) کی چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا ہے کہ مہنگائی کی ذمہ دار موجودہ حکومت نہیں، عوام جانتے ہیں کہ پچھلی حکومت معاشی تباہی اور مہنگائی کا عذاب لے کر آئی۔
مسلم لیگ (ن) کے سینئر نائب صدر نے تنظیمی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 4 سال میں ہونے والی تباہی سے نکلنے میں چند سال لگیں گے۔مشکل حالات میں نواز شریف، شہباز شریف نے ہمیشہ ڈیلیور کیا، اب بھی قوم اور ملک کو مسائل سے نکالیں گے۔
مریم نواز شریف نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی والے مسلم لیگ (ن) میں شامل ہونے کی بھیک مانگ رہے ہیں، عمران خان کے خلاف مقدمات سیاسی انتقام کی بنیاد پر نہیں بنائے گئے ، ٹیریان کا جھوٹ نہ نگلا جا رہا ہے اور نہ ہی اگلا جارہاہے۔۔
انہوں نے کہا کہ سب جانتے ہیں کہ عمران خان نے توشہ خانہ میں ڈکیتیاں کیں، عمران خان غیر ملکی فنڈنگ میں مجرم ثابت ہوئے، تنظیم کو ہر سطح پر فعال بنائیں گے، سوشل میڈیا، خواتین اور یوتھ ونگز کو وسعت دیں گے۔ خواتین اور نوجوانوں کو آگے لائیں گے، کارکن ہونے اور کارکنوں کے ساتھ ہونے پر فخر ہے۔