اردوورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما فواد چوہدری نے کہا ہے کہ چیئرمین نیب کا استعفی فاشسٹ نظام کے خاتمے کی طرف بڑا قدم ہے۔پاکستان تحریک انصاف نے چیئرمین نیب کے استعفے کا خیر مقدم کیا ہے۔
فواد چوہدری نے کہا کہ آفتاب سلطان نے اپنے کام میں مداخلت کے خلاف استعفی دیا۔ چیئرمین نیب کے استعفے میں چیف الیکشن کمشنر کے لیے بڑا پیغام ہے۔ میں ان 22 افسران کو کہتا ہوں جو پنجاب میں مداخلت کے لیے تعینات تھے کہ اس نظام سے خود کو لاتعلق کریں، یہ ملک اور بیوروکریسی دونوں کے مفاد میں ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ چیئرمین نیب کا استعفیٰ تحریک انصاف کے موقف کی واضح تصدیق ہے ہم پہلے دن سے کہہ رہے ہیں کہ احتساب کے نظام کی تباہی این آر او کے ذریعے لائے گئے مجرموں کا اصل ہدف ہے ان لوگو ںنے اس سے پہلے نیب کو تباہ کیا، اپنی 1100 ارب کی چوری بچانے کے لیے نیب قانون میں انتہائی شرمناک ترامیم کیں۔
فواد چودھری نے کہا کہ ریاستی ادارے مجرموں کے اشاروں پر کھیلنے کے بجائے آئین اور قانون کی بالادستی کا راستہ اختیار کریں، کٹھ پتلی راج کا جلد خاتمہ ہو گا، ریاست اور عوام کو مل کر آگے بڑھنا ہے۔