اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )الیکشن کمیشن نے خیبرپختونخوا اور پنجاب اسمبلیوں کے عام انتخابات کے معاملے پر مشاورت کے لیے اٹارنی جنرل اور قانونی ماہرین کو کل طلب کرلیا۔
چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی زیر صدارت مشاورتی اجلاس ہوا جس میں کمیشن کے ممبران، سیکرٹری الیکشن کمیشن اور لا ونگ کے نمائندوں نے شرکت کی۔
الیکشن کمیشن کے اجلاس کا اعلامیہ بھی جاری کر دیا گیا، جس کے مطابق الیکشن کمیشن بغیر کسی دبا ئو کے آئین و قانون کے مطابق فیصلے کرتا رہا ہے اور کرتا رہے گا، الیکشن کمیشن 90 روز میں الیکشن کرانے کے لیے ہمہ وقت تیار ہے۔
اعلامیے کے مطابق آئین اور قانون میں کہیں نہیں لکھا کہ کمیشن الیکشن کی تاریخ دے گا، مجاز اتھارٹی کی جانب سے تاریخ مقرر ہونے کے فورا بعد الیکشن شیڈول کرنے کا پابند ہے۔
صدر پاکستان کی جانب سے تاریخ طے کیے جانے کے بعد آج کمیشن کے اجلاس میں اس پر تفصیلی غور کیا گیا، اٹارنی جنرل آف پاکستان اور دیگر قانونی ماہرین سے مزید رہنمائی لینے کا فیصلہ کیا گیا۔
اٹارنی جنرل آف پاکستان کو کل مدعو کیا گیا ہے، مشاورت کے لیے دو آئینی اور قانونی ماہرین کا انتخاب کیا جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کے پی اور پنجاب کی اسمبلیوں کے عام انتخابات 9 اپریل کو کرانے کا حکم دیا تھا