اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیو ز ) ادارہ شماریات کے مطابق ہفتہ وار مہنگائی کی شرح میں 2.78 فیصد اضافہ ہوا ہے اور مجموعی ہفتہ وار مہنگائی کی شرح 41.54 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔
ادارہ شماریات نے کہا ہے کہ مہنگائی میں اضافہ اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافے کی وجہ سے ہوا، ایک ہفتے کے دوران 33 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ، 6 کی قیمتوں میں کمی اور 12 کی قیمتوں میں استحکام رہا۔
ادارہ شماریات کا کہنا ہے کہ حالیہ ہفتے میں مہنگائی سے سب سے زیادہ متاثر 44 ہزار روپے سے زائد ماہانہ آمدنی والے افراد پر ہوئے، 44 ہزار روپے سے زائد ماہانہ آمدن والوں کے لیے مہنگائی کی ہفتہ وار شرح 42.98 فیصد ریکارڈ کی گئی۔ادارہ شماریات کے مطابق فی کلو گھی کی قیمت میں 13 روپے، زندہ مرغی کی قیمت میں 23 روپے 55 پیسے اور کیلے کی قیمت میں 10 روپے 37 پیسے فی درجن کا اضافہ ہوا۔
ادارہ شماریات کا کہنا ہے کہ چینی کی فی کلو قیمت میں اوسطا 3 روپے 15 پیسے، دال ماش کی قیمت میں 1 روپے 20 پیسے اور سگریٹ 76.45 فیصد مہنگی ہو گئی۔ایک ہفتے کے دوران دہی، تازہ دودھ، گائے کا گوشت اور مٹن مہنگا ہوگیا، اس کے علاوہ آٹا، دال مونگ، گڑ، آلو کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوگیا۔ادارہ شماریات نے بتایا کہ حالیہ ہفتے میں پیاز کی قیمتوں میں 13.84 فیصد کمی ہوئی، گھریلو ایل پی جی سلنڈر 0.81 فیصد سستا ہوا۔