اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پنجاب حکومت کو پیغام دیا ہے کہ حکومت کو سیکیورٹی اخراجات کی کوئی ادائیگی نہیں کی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ بورڈ اپنے موقف پر قائم رہے گا۔ذرائع کے مطابق پنجاب کی نگراں حکومت کی جانب سے پی سی بی کو 25 کروڑ روپے ادا کرنے کے پیغام کا جواب دیا گیا ہے کہ ادائیگی نہیں کی جائے گی۔
پی سی بی نے پنجاب حکومت کو پیغام دیا ہے کہ لاہور میں پی ایس ایل کے دو میچز کے بعد لیگ کے بقیہ میچز کراچی میں کھیلے جائیں گے۔پی سی بی کے پیغام میں مزید کہا گیا ہے کہ اگر کوئی کھلاڑی سیکیورٹی کی بنیاد پر دستبردار ہونے کا فیصلہ کرتا ہے تو بورڈ ذمہ دار نہیں ہوگا۔
واضح رہے کہ اس سے قبل پنجاب حکومت نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی سیکیورٹی کے لیے سرکاری خزانے سے 50 کروڑ روپے دینے سے انکار کردیا تھا۔پی سی بی کو اس فیصلے کے بارے میں آج نگراں وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت پنجاب کابینہ کے اجلاس میں بتایا گیا۔
ذرائع کے مطابق پنجاب حکومت کی جانب سے پی سی بی پر واضح کیا گیا کہ پنجاب حکومت اس وقت انتظامات کرے گی جب پی سی بی 25 کروڑ روپے ادا کرے گا۔ذرائع کے مطابق کابینہ میں موقف اختیار کیا گیا کہ پنجاب حکومت پی ایس ایل میچز کے انتظامات پر اب تک 45 کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کر چکی ہے۔