اردوورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سربراہ اور سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ اگر مجھے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کی طرح انصاف دیا جاتا تو پاکستان ترقی کر رہا ہوتا۔
برطانیہ کے دارالحکومت لندن میں ایون فیلڈ ہاؤس کے باہر ایک صحافی نے مسلم لیگ (ن) کے سربراہ سے سوال کیا کہ جس طرح عمران خان کو عدالت سے انصاف مل رہا ہے، اس کا آدھا بھی انہیں مل جاتا تو کیا ہوتا؟ .
غیر رسمی گفتگو میں صحافی کے سوال کے جواب میں سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ’پاکستان ہوا میں اڑ رہا ہوتا‘، اپنے بیان کی وضاحت کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ اس کا مطلب یہ تھا کہ عمران خان جیسا انصاف اگر میرے پاس ہوتا تو ملک خوشحال ہوتا
یاد رہے کہ گزشتہ روز مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز نے بھی چیئرمین پی ٹی آئی کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر عمران خان کے ٹوئٹ پر ردعمل دیتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ بے رحمانہ لوٹ مار، نااہلی، غلط ترجیحات، آپ نے انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) سے جو ظالمانہ ڈیل کی اور پھر اس کی خلاف ورزی نے ملک کو معاشی بدحالی میں ڈال دیا ہم اسے ختم کر رہے ہیں۔