اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )بالی ووڈ اسٹار اور سابق مس ورلڈ سشمیتا سین کا کہنا ہے کہ انہیں دل کا شدید دورہ پڑا اور ان کے دل کی ایک بڑی شریان 95 فیصد بلاک ہوگئی۔
بھارتی اداکارہ سشمیتا سین نے حال ہی میں انکشاف کیا تھا کہ انہیں گزشتہ دنوں دل کا دورہ پڑا تھا جس کے بعد انہیں ہسپتال لے جایا گیا جہاں وہ کئی روز تک ڈاکٹروں کی نگرانی میں رہیں۔
صحت یاب ہونے کے بعد سشمیتا سین نے اپنے مداحوں کا شکریہ ادا کرنے کے لیے انسٹاگرام پر ایک لائیو سیشن کا انعقاد کیا جہاں انھوں نے مداحوں سے بات چیت کی۔
لائیو سیشن میں اداکارہ نے انکشاف کیا کہ ان کے دل کی اہم شریانوں میں سے ایک 95 فیصد بلاک ہے اور اسی وجہ سے ان کی سرجری ہوئی۔
جم جانے کی وجہ سے دل کا دورہ پڑنے سے متعلق بحث پر تبصرہ کرتے ہوئے اداکارہ نے کہا، ‘آپ میں سے اکثر جم جانا چھوڑ دیں گے اور کہیں گے کہ اس سے کوئی فائدہ نہیں ہوا۔ لیکن یہ غلط ہے۔ جم جانے سے میری بہت مدد ہوئی ہے۔ میں بڑے پیمانے پر دل کا دورہ پڑنے سے بچ گئ
اداکارہ نے کہا کہ انہیں دل کا شدید دورہ پڑا تھا اور وہ اپنے فعال طرز زندگی کی وجہ سے بچ گئیں۔
اداکارہ نے کہا کہ اب وہ صحت یاب ہو رہی ہیں اور ڈاکٹروں کی اجازت کے بعد وہ اپنی ویب سیریز ’آریہ‘ کی شوٹنگ مکمل کرنے کے لیے جے پور جائیں گی اور فلم ٹالی کی ڈبنگ بھی شروع کریں گی۔
خیال رہے کہ سشمیتا سین نے گزشتہ ہفتے اپنے مداحوں کو بتایا تھا کہ انہیں دل کا دورہ پڑا ہے اور ان کی انجیو پلاسٹی اور سٹینٹنگ کرائی گئی ہے۔