اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ کم ترقی یافتہ ممالک کے قرضوں کی شرائط میں نرمی کی جائے۔
دوحہ میں اقوام متحدہ کے زیراہتمام کم ترقی یافتہ ممالک کی پانچویں کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان سماجی اور اقتصادی ترقی میں اس فورم کی مکمل حمایت کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کم ترقی یافتہ ممالک موسمیاتی تبدیلی اور کورونا سے بری طرح متاثر ہوئے، کانفرنس کا انعقاد کم ترقی یافتہ ممالک کی پائیدار ترقی کے لیے وقت پر کیا گیا، ہمیں مل کر کم ترقی یافتہ ممالک کے عوام کے لیے اقدامات کرنا ہوں گے۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ پاکستان تمام اہم فورمز پر کم ترقی یافتہ ممالک کی آواز کو اجاگر کرتا رہے گا، کم ترقی یافتہ ممالک کو ویکسین کی فراہمی کا تسلسل یقینی بنانا ضروری ہے، کم ترقی یافتہ ممالک کے قرضوں کی شرائط میں نرمی کی جائے۔