اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )حکومت نے آئی ایم ایف کی شرائط پر عملدرآمد کرتے ہوئے ایک اور شرط پوری کردی جس میں کابینہ نے لگژری آئٹمز پر سیلز ٹیکس 25 فیصد تک بڑھانے کی منظوری دے دی۔
وفاقی کابینہ سے 25 فیصد سیلز ٹیکس کے نوٹیفکیشن کی سرکولیشن سے سمری کی منظوری لی گئی جس کے بعد ایف بی آر نوٹیفکیشن جاری کرے گا اور نئی شرح کا اطلاق یکم مارچ سے ہوگا۔
لگژری آئٹمز پر سیلز ٹیکس بڑھانے سے ایف بی آر 4 ماہ میں 15 ارب روپے کمائے گا۔
ذرائع کے مطابق درآمدی اور مقامی طور پر تیار کی جانے والی 1400 سی سی گاڑیوں پر سیلز ٹیکس بھی بڑھا کر 25 فیصد کیا جائے گا، درآمدی الیکٹرانک اشیاء، میک اپ کی درآمدی مصنوعات پر سیلز ٹیکس بڑھا کر 25 فیصد کیا جائے گا۔
اس کے علاوہ امپورٹڈ پالتو جانوروں کے کھانے، امپورٹڈ جوتے، امپورٹڈ لیڈیز پرس، شیمپو، صابن، لوشن، امپورٹڈ ہیڈ فون، آئی پوڈ، اے اسپیکر، دروازوں اور کھڑکیوں پر بھی سیلز ٹیکس 25 فیصد ہوگا۔
سمری کے مطابق امپورٹڈ پرتعیش برتنوں، نہانے کی فٹنگز، امپورٹڈ ٹائلز، سینیٹری ویئر، فانوس اور فینسی لائٹس پر بھی سیلز ٹیکس 25 فیصد ہوگا۔