اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )زمان پارک میں پی ٹی آئی کے جلسے کے دوران کارکن کی مبینہ ہلاکت پر پنجاب پولیس نے تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دے دی۔
انکوائری کمیٹی میں دو پولیس افسران واقعے کی تحقیقات کریں گے، کمیٹی میں ڈی آئی جی ایلیٹ فورس صادق علی اور ایس ایس پی عمران کشور شامل ہیں۔
انکوائری ٹیم گواہوں کے بیانات لے گی، کمیٹی سی سی وی فوٹیج اور واقعے کی ویڈیو کلپ پر مشتمل رپورٹ 3 روز میں آئی جی پنجاب کو پیش کرے گی۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان نے دعویٰ کیا تھا کہ پنجاب پولیس کے مبینہ تشدد اور شیلنگ سے پی ٹی آئی کا ایک کارکن جاں بحق جب کہ متعدد زخمی ہوئے ہیں۔
واضح رہے کہ نگراں وزیراعلیٰ پنجاب محسن رضا نقوی نے ہنگامہ آرائی میں مبینہ ہلاکت کا سخت نوٹس لیتے ہوئے فوری تحقیقات کا حکم دیا تھا۔