اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )لاہور میں گزشتہ روز ہونے والے ہنگامہ آرائی اور پرتشدد واقعات پر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
عمران خان کے خلاف مقدمہ ڈی ایس پی کی شکایت پر درج کیا گیا ہے۔
ایف آئی آر کے متن کے مطابق مسلح افراد سمیت تین سے چار سو افراد کے گروپ نے ہنگامہ آرائی کی فواد چوہدری، حماد اظہر، محمود الرشید اور اعجاز چوہدری اداروں کو دھمکیاں دیتے رہے۔
ایف آئی آر کے مطابق پی ٹی آئی کے مشتعل افراد نے پولیس پر پتھراؤ کیا اور لاٹھیاں برسائیں جس میں 13 پولیس افسران اور اہلکار زخمی ہوئے، پی ٹی آئی کارکنوں کے پتھراؤ سے ان کے اپنے 6 کارکن بھی زخمی ہوئے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز تحریک انصاف نے آئین اور عدلیہ سے اظہار یکجہتی کے لیے ریلی نکالنے کا اعلان کیا تھا۔
صوبائی حکومت کی جانب سے دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر پی ٹی آئی کے 37 کارکنوں کو گرفتار کر لیا گیا۔
پولیس ترجمان کا کہنا ہے کہ لاہور میں پی ٹی آئی کے کارکنوں کے حملوں میں 2 ڈی ایس پیز سمیت 11 اہلکار زخمی ہوئے ہیں جب کہ پی ٹی آئی نے اپنے ایک کارکن کی ہلاکت کا ذمہ دار بھی پولیس کے مبینہ تشدد کو قرار دیا ہے۔