اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) سعودی عرب اور ایران کے درمیان تعلقات کی بحالی کے فیصلے کاعالمی رہنماؤں نے خیر مقدم کیا ہے۔
سعودی عرب اور ایران کے درمیان 2016 سے سفارتی تعلقات منقطع تھے اور ان کی بحالی کا فیصلہ گزشتہ روز کیا گیا۔
چین نے دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات کی بحالی میں اہم ثالث کا کردار ادا کیا۔ مشرق وسطیٰ کی سیاست میں اہم پیش رفت میں ایران اور سعودی عرب نے تعلقات کی بحالی پر اتفاق کیا ہے۔ اب عالمی رہنما بھی دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات کی بحالی کے فیصلے کا خیرمقدم کر رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں
ایران اور سعودی عرب کا تعلقات بحالی پر اتفاق ، چین نے ثالثی کرائی
اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے دونوں ممالک کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے چین کے ساتھ ساتھ عمان اور عراق کی بھی ثالثی کا کردار ادا کرنے کی تعریف کی۔ فرانسیسی وزارت خارجہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ فرانسیسی وزیر خارجہ دونوں ممالک کے درمیان ہونے والے مذاکرات کی مکمل حمایت کرتے ہیں جس سے خطے میں کشیدگی ختم ہو گی اور سلامتی سمیت خطے میں استحکام میں مدد ملے گی۔
مزیر پڑھیں
سعودی عرب کے ساتھ سفارتی تعلقات جلد بحال ہو جائینگے ، ایران
کویت کی وزارت خارجہ کی طرف سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ چین کی ثالثی کے ذریعے دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات کی بحالی سے امید پیدا ہوئی ہے کہ اس سے خطے میں سلامتی اور استحکام کو مزید تقویت ملے گی، دونوں ممالک کے درمیان دوستانہ تعلقات. اس میں بہتری آئے گی۔ اس کے علاوہ بحرین اور ترکی نے بھی دونوں ممالک کے فیصلے کو سراہا ہے۔