اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )وزیراعظم شہباز شریف نے رمضان المبارک میں غریب اور متوسط طبقے کو ریلیف دینے کے حوالے سے بڑے فیصلے کر لیے۔
وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت غریب اور متوسط طبقے کو مہنگائی کے اثرات سے بچانے کے اقدامات سے متعلق اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں وزیر اعظم نے اسلام آباد میں رمضان المبارک کے دوران غریب اور متوسط طبقے کو مفت آٹا فراہم کرنے کا فیصلہ کیا۔ . .
اسکیم کے تحت اسلام آباد کے 10 لاکھ افراد کو رمضان میں مفت آٹا فراہم کیا جائے گا، وزیراعظم نے سندھ، خیبرپختونخوا اور بلوچستان کو اسکیم میں شامل ہونے کی دعوت دی ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ رمضان المبارک میں غریب اور متوسط طبقے کی مشکلات کم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، مفت آٹے کی تقسیم کو شفاف بنانے کے لیے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جائے۔
ملکی تاریخ میں پہلی بار غریب عوام کیلئے رمضان میں مفت آٹا کی فراہمی کا پیکج تیار کیا گیا ہے
رمضان میں پنجاب بھر کے 1 کروڑ 58 لاکھ گھرانوں کو مفت آٹا تقسیم کیا جائے گا
مفت آٹے کی تقسیم 25 شعبان سے 25 رمضان تک کی جائے گی
آٹے کی تقسیم 8 ہزار 5 سو یوٹیلٹی اسٹورز کے ذریعے کی جائے. pic.twitter.com/Kjb5NHlRLt
— PMLN (@pmln_org) March 13, 2023
اجلاس میں وزیراعظم کو بتایا گیا کہ رمضان المبارک کے دوران اسلام آباد اور اس کے مضافات میں مفت آٹا فراہم کیا جائے گا۔ اس سکیم کے ذریعے اسلام آباد کے تقریباً ڈیڑھ لاکھ گھرانوں میں مفت آٹا تقسیم کیا جائے گا۔
وزیراعظم نے موٹر سائیکل اور رکشہ ڈرائیوروں کو سستا پٹرول فراہم کرنے کا اصولی فیصلہ بھی کیا۔ وزیر اعظم کی ہدایت پر موٹر سائیکل اور رکشہ ڈرائیوروں کو مہنگائی کے اثرات سے بچانے کے لیے سستے پیٹرول کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔
اجلاس کو موٹرسائیکل اور رکشہ ڈرائیوروں کے لیے سبسڈی والے پیٹرول پر بھی بریفنگ دی گئی، وزیراعظم شہباز شریف نے متعلقہ افسران کو پروگرام کو حتمی شکل دے کر جلد پیش کرنے کی ہدایت کی۔
شہباز شریف نے کہا کہ موٹر سائیکل اور رکشہ مالکان معاشی طور پر کمزور طبقے سے تعلق رکھتے ہیں، حکومت انہیں مہنگائی سے بچانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کرے گی۔