اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز)میزبان جمی کامل کو 95ویں اکیڈمی ایوارڈز میں نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسفزئی سے نامناسب سوال پوچھنے پر تنقید کا سامنا ہے۔
فلم پروڈیوسر اور نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسفزئی نے بھی پہلی بار اپنے شوہر عصر ملک کے ساتھ آسکر ایوارڈ کی تقریب میں شرکت کی جو سب کی توجہ کا مرکز بنی رہیں۔
ملالہ ریڈ کارپٹ پر چمکتا ہوا سلور گاؤن پہن کر آسکرز میں اس امید کے ساتھ داخل ہوئیں کہ ان کی ہالی ووڈ کی مختصر فلم ‘اسٹرینجر ایٹ دی گیٹ آسکر ایوارڈ جیت لے گی لیکن ان کی فلم ایوارڈ جیتنے میں ناکام رہی۔
ایوارڈ شو کے دوران میزبان جمی کامل نے ملالہ سے مزاحیہ انداز میں ایک متنازعہ سوال کیا جس کا ملالہ نے مزے دار جواب دے کر سب کو حیران کردیا۔
جمی نے ملالہ سے پوچھا، ‘کیا گلوکار ہیری اسٹائلز نے چند ماہ قبل ایک تقریب میں اداکار کرس پین پر واقعی تھوک دیا تھا
جس پر ملالہ یوسفزئی نے مسکراہٹ کے ساتھ جواب دیا کہ وہ صرف امن کی بات کرتی ہیں اور متنازعہ سوال پر تنقید کرنے سے گریز کرتی نظر آئیں جس پر انہیں خوب سراہا گیا۔
ملالہ یوسفزئی کی مذکورہ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے جس پر صارفین کی جانب سے دلچسپ تبصرے کیے جا رہے ہیں۔
تاہم کئی سوشل میڈیا صارفین آسکرز کے میزبان کو ان کے متنازعہ سوال پر تنقید کا نشانہ بھی بنا رہے ہیں اور مطالبہ کر رہے ہیں کہ انہیں اگلی بار آسکرز کی میزبانی کے فرائض نہ دیے جائیں