اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )صدر ڈاکٹر عارف علوی نے خیبر پختونخوا کے گورنر حاجی غلام علی کو مشورہ دیا ہے کہ وہ کسی بھی قسم کی پیچیدگیوں سے بچنے کے لیے صوبائی اسمبلی کے عام انتخابات کی تاریخ کا فوری طور پر اعلان کریں۔
ایوان صدر سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت عارف علوی سے گورنر خیبرپختونخوا حاجی غلام علی نے ایوان صدر میں ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران صدر اور گورنر نے آئین کے آرٹیکل 224 (2) اور یکم مارچ کے سپریم کورٹ کے حکم کی روشنی میں انتخابات پر تبادلہ خیال کیا۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے گورنر خیبرپختونخوا کو مشورہ دیا کہ وہ الیکشن کمیشن سے مشاورت کے بعد انتخابات کی تاریخ سے متعلق سپریم کورٹ کے حکم پر عمل درآمد کرتے ہوئے فوری طور پر عام انتخابات کی تاریخ کا تعین کریں۔
صدر مملکت نے کہا کہ تقریبا 2 ہفتے گزر چکے ہیں، کسی پیچیدگی سے بچنے کے لیے سپریم کورٹ کے فیصلے کے مطابق انتخابات کی تاریخ طے کی جائے۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی دعوت پر گورنر خیبرپختونخوا حاجی غلام علی کی ایوان صدر میں صدر مملکت سے ملاقات
صدر مملکت اور گورنر خیبر پختونخواہ کا عام انتخابات کے انعقاد سے متعلق امور پر تبادلہ خیال pic.twitter.com/jAOdUCJqBC
— The President of Pakistan (@PresOfPakistan) March 14, 2023
عارف علوی نے آئین کی پاسداری اور مقررہ مدت میں عام انتخابات کرانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ مقررہ مدت میں انتخابات کا انعقاد آئین نے لازمی قرار دیا ہے جس کی سپریم کورٹ نے تصدیق کی ہے۔
صدر مملکت نے کہا کہ ملک میں پارلیمانی جمہوریت کے استحکام کے لیے مقررہ وقت پر انتخابات ضروری ہیں۔
واضح رہے کہ پنجاب میں عام انتخابات کے لیے 30 اپریل کی تاریخ کا اعلان کیا گیا ہے جب کہ خیبر پختونخوا کے لیے تاحال کسی تاریخ پر اتفاق نہیں ہو سکا ہے۔
یکم مارچ کو سپریم کورٹ نے فیصلہ دیا تھا کہ پنجاب اور خیبرپختونخوا اسمبلیوں کے انتخابات 90 دن کی مقررہ مدت میں کرائے جائیں۔
فیصلے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ صدر مملکت عارف علوی اور گورنر خیبر پختونخواہ الیکشن کمیشن کی مشاورت سے پنجاب اور خیبرپختونخوا اسمبلیوں کی تاریخیں طے کریں گے۔
صدر مملکت کی جانب سے پنجاب میں انتخابات کی تاریخ کے اعلان کے بعد گورنر خیبرپختونخوا نے دونوں صوبوں میں تاریخ کا اعلان اتفاق رائے سے کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا تھا کہ انہوں نے طے شدہ تاریخ کے لیے صدر عارف علوی سے بھی رابطہ کیا ہے، اگر وہ اعلان سے قبل طے شدہ تاریخ پر مشاورت کے لیے بلاتے تو اس سے مثبت پیغام جاتا۔