اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہا ہے کہ جیل جانے کو تیار ہوں۔پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے برطانوی نشریاتی ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ جیل جانے کے لیے تیار ہیں اور جیل میں رات گزارنے کے لیے ذہنی طور پر تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گرفتاری کی صورت میں پارٹی نے کمیٹی بنا دی ہے، کمیٹی روزانہ کی بنیاد پر فیصلے کرے گی اور پارٹی کو چلائے گی۔
عمران خان نے کہا کہ گرفتاری کی کوشش کر کے نواز شریف سے کیے گئے وعدے پورے کر رہے ہیں، موجودہ حکومت اسٹیبلشمنٹ کے تعاون کے بغیر کچھ نہیں کر سکتی، مجھے جیل میں ڈالنے سے ان کا نقصان ہو گا، جیل جانے سے میرا نقصان نہیں ہو گا یا میری سیاست کو نقصان نہیں پہنچے گا۔
انہوں نے کہا کہ ابھی تک اسٹیبلشمنٹ سے کوئی رابطہ نہیں ہوا، نواز شریف خود ڈر کے مارے دو بار ملک سے بھاگ گئے، جیل میں کیا ہوگا پتہ نہیں لیکن میں تیار ہوں، میرے خلاف 80 کیسز بن چکے ہیں، ایک بھی کیس ثابت نہیں ہوسکتا
عمران خان کی گرفتاری کے لیے پولیس اور کارکنوں میں تصادم، زمان پارک میدان جنگ
چیئرمین پی ٹی آئی کا مزید کہنا تھا کہ ماضی میں پارٹی رہنماؤں کو اٹھا کر تشدد کا نشانہ بنایا گیا، سپورٹرز سیکیورٹی کے لیے گھر کے باہر موجود ہیں، انہوں نے کہا کہ انسان کسی بھی چیز کے لیے تیار رہے، میرا کوئی جرم نہیں۔ نواز شریف پانامہ میں جیل گئے۔
دوسری جانب پولیس افسران نے زمان پارک کی جانب پیش قدمی کا فیصلہ کیا ہے۔ شیخوپورہ، قصور اور گوجرانوالہ سے پولیس کی تازہ نفری زمان پارک پہنچ گئی، آر پی او گوجرانوالہ ڈاکٹر حیدر اشرف بھی آپریشن میں حصہ لینے زمان پارک پہنچ گئے۔ اس کے علاوہ رینجرز کی تین کمپنیاں بھی پولیس کی معاونت کے لیے موجود ہیں۔
اس دوران پی ٹی آئی کے مشتعل کارکنوں نے پولیس کی واٹر سپلائی کی گاڑی کو آگ لگا دی جبکہ پولیس کی جانب سے کارکنوں پر شیلنگ کا سلسلہ جاری ہے۔