اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) حکومت عمران خان کو گرفتار کرے یا بتائے کون روک رہا ہے، مسلم لیگ (ن) کے رہنما میاں جاوید لطیف نے اپنی ہی حکومت پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ حکومت عمران خان کو گرفتار کرے یا بتائے کہ کون سی اندرونی اور بیرونی قوتیں انہیں روک رہی ہیں۔
ماڈل ٹاؤن میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے میاں جاوید لطیف نے کہا کہ عمران خان کو عدالتوں میں پیش ہوئے بغیر منٹوں میں عبوری ضمانت مل جاتی ہے، لیکن نواز شریف کو واپسی کی اجازت بھی نہیں مل رہی۔ کون عمران خان کو بچانے کے لیے دباؤ ڈال رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کی خواہش پر 8 ماہ سے سول نافرمانی ہورہی ہے، انہیں اداروں سے ریلیف مل رہا ہے، 2018 کی فلم پھر چل رہی ہے، نواز شریف کو 3 بار کرسی سے ہٹایا گیا، انہیں زہر بھی دیا گیا، لیکن کسی نے کچھ نہیں کیا
جاوید لطیف نے کہا کہ حکومت عمران خان کو گرفتار کرے یا بتائے کہ کون سی اندرونی اور بیرونی قوتیں انہیں روک رہی ہیں، حکومت نے سہولت کاروں کا نام نہ لے تو قوم کا غصہ بڑھے گا۔
سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کی مبینہ آڈیو پر بات کرتے ہوئے لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ سابق چیف جسٹس کی آڈیو سن کر پاکستانیوں کو شرم آتی ہے، جو بھی ایسی بات کرے اسے گرفتار کیا جائے، کیونکہ عمران خان کے حملوں کے باوجود انہیں ریلیف مل رہا ہے اگر ایسا ہے توپھر کچے کے علاقے کے ڈاکوؤں اور دیگر مجرموں کو بھی ریلیف ملنا چاہیے۔