اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) امریکی میڈیا کے مطابق نیویارک میں مین ہٹن کی ایک گرینڈ جیوری نے ڈونلڈ ٹرمپ پر 2016 کی انتخابی مہم کے دوران معاملات چھپانے کے لیے فحش فلموں کی اداکارہ سٹورمی ڈینیئلز کو ادائیگی کرنے کے معاملے میں فرد جرم عائد کر دی۔
فرد جرم کا فیصلہ جیوری کی ووٹنگ کے بعد کیا گیا، استغاثہ کے دفتر نے ٹرمپ سے خود کو گرفتاری کے لیے پیش کرنے کا مطالبہ کیا۔امریکی تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے کہ کسی موجودہ یا سابق صدر کو مجرمانہ الزامات کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
یہ بھی پڑھیں
سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ بھی تحائف چھپانے والوں میں شامل
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق نیویارک کے ایک پراسیکیوٹر نے جمعرات کو سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر فرد جرم عائد کرنے کی تصدیق کی۔ مین ہٹن ڈسٹرکٹ اٹارنی کا دفتر سابق صدر کے خلاف ان الزامات کی تحقیقات کر رہا تھا کہ انہوں نے مبینہ طور پر فحش اداکارہ سٹورمی ڈینیئلز کو معاملات چھپانے کے لیے معاوضہ دیا، جو کہ 2016 کے صدارتی انتخابات کے بعد سے ہے۔ رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ 2016 کے انتخابات سے قبل، ٹرمپ کے سابق ذاتی وکیل مائیکل کوہن نے 2006 میں ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ اپنے مبینہ تعلقات کے بارے میں خاموش رہنے کے لیے سٹورمی ڈینیئلز کو 130,000 ڈالر ادا کیے تھے۔
مزید پڑھیں
ٹرمپ انتخابات کے نتائج تبدیل کرنے میں ملو ث نکلے
کوہن نے 2018 میں وفاقی عدالت میں جرم قبول کیا اور اسے سٹورمی ڈینیئلز اور ماڈل کیرن میک ڈوگل کو ادائیگی کرنے میں کردار ادا کرنے پر تین سال قید کی سزا سنائی گئی، جب کہ ڈونلڈ ٹرمپ صدر تھے۔ ان کے خلاف تحقیقات شروع کی گئی لیکن ان پر کوئی الزام عائد نہیں ہوا۔ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ ان کا سٹارمی ڈینیئلز سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر فرد جرم عائد کرنے سے متعلق یہ کارروائی ایک ایسے وقت میں کی گئی جب ٹرمپ ایک بار پھر صدارتی امیدوار بننے کی دوڑ میں ہیں۔ اس کارروائی سے امریکی سیاسی نظام میں بڑے پیمانے پر طوفان برپا ہونے کا خطرہ ہے۔
امریکی صدارتی انتخابات اگلے سال ہو رہے ہیں اور سابق صدر ٹرمپ نے واضح کیا ہے کہ وہ 2024 کے انتخابات کے لیے اپنی مہم جاری رکھیں گے چاہے ان پر مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث ہونے کا الزام ہو۔
رپورٹس کے مطابق فرد جرم عائد ہونے کے بعد ٹرمپ پر جرمانہ عائد کیا جا سکتا ہے اور اگر جرم ثابت ہو گیا تو ٹرمپ کو زیادہ سے زیادہ چار سال قید کی سزا ہو سکتی ہے، حالانکہ کچھ قانونی ماہرین کا کہنا ہے کہ جرمانے کا امکان زیادہ ہے۔ غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے آئندہ ہفتے جیوری کے سامنے پیش ہونے کا امکان ہے۔