اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) سری لنکا نے چین کو ا یک لاکھ بندر فروخت کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاہم جانوروں کے تحفظ کی تنظیموں نے اس فیصلے پر تحفظات کا اظہار کیا ہے۔
سری لنکا کے وزیر زراعت مہندرا امراویرا نے سرکاری طور پر اعلان کیا ہے کہ سری لنکا میں یہ جانور عام ہیں لیکن انٹرنیشنل یونین فار کنزرویشن آف نیچر (IUCN) کے مطابق باقی دنیا میں بندر کی بقا کو خطرہ لاحق ہے۔
مہندرا نے کہا ہے کہ ان بندروں کو چین کے 1000 چڑیا گھروں کو فروخت کیا جائے گا اور اس سلسلے میں ایک کمیٹی بھی تشکیل دے دی گئی ہے۔ سری لنکا کا موقف ہے کہ بندروں کی بڑھتی ہوئی آبادی نہ صرف فصلوں کو نقصان پہنچا رہی ہے بلکہ انسانوں پر بھی حملہ آور ہو رہی ہے۔
یہی وجہ ہے کہ سری لنکا نے بندروں، موروں اور خنزیروں کی تین اقسام سمیت متعدد جانوروں کو فہرست سے نکال دیا ہے۔ اب کسان اپنی حفاظت کے لیے انہیں مار سکتے ہیں۔دوسری جانب سری لنکا میں جانوروں کے تحفظ کی تنظیموں نے حکومتی فیصلے پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ گزشتہ 40 سال سے بندروں کا کوئی سروے نہیں کیا گیا۔ ان کی اصل تعداد کسی کو معلوم نہیں۔ سب سے پہلے اس کا تعین کرنا ضروری ہے۔