اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز)پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ عدالت اپنی پوزیشن واضح کرے یہ عدالت ہے یا پنچایت، عدالت کہہ رہی ہے عمران خان سے بات کریں سپریم کورٹ اسے سیاست کا محور بنا رہی ہے، اسمبلی نے قانون پاس کیا ہے، عدالت کو پارلیمنٹ کے ایکٹ کا احترام اور عمل کرنا ہوگا۔
مولانا فضل الرحمان نے مزید کہا کہ اتحادیوں سے بھی کہہ دیا کہ پارلیمنٹ کو اس بنچ پر اعتماد نہیں، ہمارے وزیر قانون، اٹارنی جنرل نے انہیں کہا ہے کہ وہ آپ پر عدم اعتماد کا اظہار کر رہے ہیں ، ہم کس سے مذاکرات کریں؟، اگر وہ واقعی الیکشن چاہتے تھے تو انہوں نے اقتدار میں ہوتے ہوئے اس کا اعلان کیوں نہیں کیا، عدالت کا یہ جبر ماننے کو تیار نہیں۔
پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ اس سارے عمل کو غیر سیاسی عمل کہتے ہیں، کب تک ہم ان چیزوں سے بلیک میل ہوتے رہیں گے، ایک وقت بندوق کے سائے میں تھا اور آج اسے ہتھوڑے کے سامنے مذاکرات کہا جا رہا ہے۔ اس شخص نے کہا کہ دو تہائی اکثریت نہ ملی تو نتائج تسلیم نہیں کروں گا، ان سے بات کرنا پوری سیاست، پوری پارلیمنٹ کی توہین ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ چیف جسٹس سے براہ راست کہتا ہوں، آپ ہماری توہین کر رہے ہیں، ایک شخص کو بچانے کے لیے پوری قوم کی تذلیل کر رہے ہیں، وزارت دفاع کی درخواست مسترد کی جا رہی ہے، عمران خان کو بات کرنے کا کہا جا رہا ہے۔