اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )عیدالفطر کے موقع پر زمان پارک میں پولیس آپریشن کے خدشے کے پیش نظر عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے وزیراعظم اور نگران وزیراعلیٰ پنجاب اور دیگر کو خط لکھ دیا۔
ذرائع کے مطابق سابق وزیراعظم عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے ممکنہ آپریشن کے معاملے پر اظہر صدیق ایڈووکیٹ کے ذریعے وزیراعظم شہباز شریف اور نگراں وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی اور دیگر کو خط بھیجا ہے۔
مراسلے کے متن میں لکھا گیا ہے کہ عید کے موقع پر زمان پارک میں پولیس کی جانب سے آپریشن کا خدشہ ہے۔
مراسلہ میں مزید لکھا گیا ہے کہ وزیراعظم اور نگران وزیراعلیٰ پنجاب سمیت دیگر حکام عدالتی حکم کی پابندی کریں اور کسی بھی قسم کی کارروائی سے گریز کریں۔
یاد رہے کہ عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے عید کے موقع پر زمان پارک میں ممکنہ آپریشن کے حوالے سے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کیا تھا۔
واضح رہے کہ اس سے قبل لاہور اور اسلام آباد کی ہائی کورٹس نے عمران خان کو ہراساں کرنے سے روکنے کے احکامات جاری کیے تھے، وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ بھی کہہ چکے ہیں کہ عمران خان عید پرامن طریقے سے گزاریں، انہیں پریشان ہونے کی ضرورت نہیں۔